برلن// ہندوستان اور جرمنی نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے کووڈ کے بعد کی اقتصادی ترقی اور پائیداری، موبلٹی اور صاف توانائی کے ساتھ ایک کھلے اور پرامن ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ہند-جرمن بین حکومتی مشاورت کی 6ویں میٹنگ کی شریک صدارت کی جس میں یہ فیصلے کیے گئے۔ میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال شامل تھے۔
قبل ازیں وزیر اعظم مودی کا جرمنی کے چانسلر کے ذریعہ فیڈرل چانسلری میں رسمی سلامی کے ساتھ استقبال کیاگیا۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں نے پہلے نجی بات چیت کی اور پھر وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ میٹنگ میں جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی توسیع اور مختلف علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ میٹنگ میں بنیادی طور پر ترقی اور پائیداری، موبلٹی اور خوشحالی، آلودگی سے پاک اور پائیدار مستقبل نیز ایک کھلا اور پرامن ہند-بحرالکاہل کے مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔