سرینگر///
اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میںکونسل ریشی پورہ بڈگام میں ۱۲۵ بستروں کے ہسپتال کی تعمیر کو اِنتظامی منظوری دی۔
ہسپتال کی تکمیل لاگت ۳۲ء۴۹ کروڑ روپے آئے گی جس سے علاقے کے لوگوں کیلئے معیاری صحت خدمات تک رسائی میں بہتری آنے کی اُمید ے۔
یہ ہسپتال عوام کے لئے ہیلتھ کیئر کو بڑھانے ، ہنر مند اور غیر ہنر مند پیشہ ور اَفراد ، طبی ماہرین ، پیر امیڈکس وغیرہ کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
ہسپتال مریضوں کے بڑھتے ہوئے رَش سے نمٹنے میں بھی مدد کرے گا او رتوقع ہے کہ ضلع بڈگام اور اس کے آس پاس رہنے والی آبادی کے ایک بڑے حصے کو فائدہ پہنچے گا۔
ایک اور فیصلے میںاِنتظامی کونسل نے جموں روپ وے پروجیکٹ کے پیر کھو سٹیشن سے مُبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس تک عمودی لفٹ کی تنصیب کے لئے اِنتظامی منظوری دی گئی ۔
یہ پروجیکٹ۲۷کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
عمودی لفٹ کی تنصیب مبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس کو جموں روپ وے پروجیکٹ کے پیر کھو سٹیشن اور دیگر سیاحتی اور زیارتی مقامات سے جوڑ دے گی جو ایک مکمل سیاحتی اور پلگرم سرکٹ فراہم کرے گی ۔یہ سرکٹ جموں روپ وے پروجیکٹ، پیرکھو مندر، مہامایا مندر، باہو فورٹ، باغ بہو اور بھاوے ماتا جی مندر جیسے قریبی مقامات پرآنے والے سیاحوں اور یاتریوں کے لئے بڑی سہولیت کا باعث ہوگا۔
یہ لفٹ مُبارک منڈی کمپلیکس سے دیگر تین پراچین مندروں اور ضلع جموں کے دیگر سیاحتی مقامات تک آسان رابطہ فراہم کرے گی ۔ یہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین پر آنے والے یاتریوں کو بھی اَپنی طرف متوجہ کرے گااور اُنہیں ایک مکمل مذہبی سرکٹ فراہم کرے گا۔ یہ پروجیکٹ ورثے اور یاتریوں کی سیاحت کو فروغ دے گا ، جموں روپ وے پروجیکٹ کی آمدنی میں اِضافہ کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
پروجیکٹ دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا ہر ایک میں بالترتیب ۳۸؍اور ۳۰میٹر کے عمودی اِضافہ اور ۳۴؍اور۳۰ میٹر کے سپین کے ساتھ دو فٹ برجز ہوں گے ۔اِس پروجیکٹ میں ایک بیس سٹیشن ، ایک اِنٹرمیڈیٹ سٹیشن ، ایک اپر سٹیشن اور کیپسول قسم کے کیبن ہوں گے جن سے پینورا مک نظارے ہوں گے ۔اِنٹرمیڈیٹ سٹیشن پر پارکنگ بھی دستیاب ہوگی۔