نئی دہلی///
کئی دنوں کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے حکومت نے آج شام انکشاف کیا کہ اگلے ہفتے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی پانچ روزہ اجلاس میں پارلیمنٹ کی۷۵ سالہ تاریخ پر بحث ہوگی۔
حکومت چار بلوں کو بھی منظور کرے گی جن میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق ایک بل بھی شامل ہے جس پر کافی تنازعہ پیدا ہوا ہے۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ۱۸ ستمبر کو’سمودھن سبھا سے شروع ہونے والے ۷۵سال کے پارلیمانی سفر … کامیابیاں، تجربات، یادیں اور سیکھنے‘پر ایک بحث ہوگی۔
قانون سازی کے عمل میں چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز (تقرری، سروس کی شرائط اور دفتر کی مدت) بل، پوسٹ آفس بل، ایڈووکیٹ (ترمیمی) بل، اور پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل شامل ہوں گے۔
ہندوستان نے آزادی کے ۷۵سال مکمل کر لیے ہیں جسے حکومت نے سال بھر جاری رہنے والے آزادی کا امرت مہوتسو کے ساتھ منایا ہے۔
اس سے پہلے حکومت نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل اتوار کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے ۔
پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس۱۸سے۲۲ستمبر تک ہوگا اور اس دوران پانچ اجلاس ہوں گے ۔
وزارت پارلیمانی امور نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور نے پیر سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے ۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کو عام کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اپوزیشن کی جانب سے انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، کسان، ہنڈن برگ رپورٹ، خواتین پر مظالم جیسے سلگتے ہوئے مسائل کی فہرست بھیجی تھی اور کہا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ میں ان مسائل پر بحث کرنا چاہتی ہیں۔