نئی دہلی،//جل شکتی کی وزارت جمعرات سے راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ڈیم کی حفاظت اور تحفظ پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں دنیا بھر کے ماہرین شرکت کریں گے ۔
وزارت جل شکتی نے آج یہاں بتایا کہ جے پور میں 14 سے 15 ستمبر تک یہ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں بین الاقوامی ماہرین ڈیم کی حفاظت اور تحفظ پر اپنے خیالات پیش کریں گے ۔ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اس تقریب کا افتتاح کریں گے اور ” ریزرو اور محفوظ ڈیموں کے ذریعہ ملک کی خوشحالی یقینی” کے موضوع پر اپنے خیالات پیش کریں گے ۔
وزارت کے مطابق بڑے ڈیموں کے لحاظ سے عالمی سطح پر ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے اور ملک میں 6000 سے زیادہ ڈیم ہیں۔ ان میں سے 80 فیصد ڈیم 25 سال سے زائد اور 234 ڈیم 100 سال سے زائد پرانے ہیں اور ان ڈیموں کی حفاظت کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے ، اس لیے ایسی کانفرنس کے ذریعے ہندوستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں ماہرین کو ایک جگہ لاکر ڈیموں کی حفاظت اور انتظام پر غور کرنا ضروری ہے ۔
وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کانفرنس میں ڈیم کی بحالی اور بہتری کے منصوبے کے مقاصد کے ساتھ ساتھ ملک میں ڈیم کی حفاظت میں تعاون جیسے موضوع پر خاص طور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔