سرینگر//
وادی کشمیر میں موسمی صورتحال میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کر دی۔
متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں تاہم اس کے بعد موسم ۲مئی تک خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں تین مئی سے پانچ مئی تک موسم خراب رہ سکتا ہے جس دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت ۵ء۵ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت ۸ء۹ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی میں امسال سرما کے دوران کم برف باری ہونے اور بعد ازاں بارشیں نہ ہونے اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔
متعلقہ حکام نے شمالی کشمیر کے درجنوں دیہات کو امسال دھان کی فصل کاشت کرنے سے اجتناب کرنے کی صلاح دی ہے ۔
ماہرین موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں امسال ماہ مارچ میں بارش کی ۸۰فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔