سرینگر/۶ ستمبر
سپریم کورٹ نے بدھ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کی طرف سے 5 اگست کو کرگل خطے میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (LAHDC) کے 10 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو کو منسوخ کر دیاہے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کی طرف سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے، عدالت نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس پارٹی (جے کے این سی) ’ہل‘ کے نشان کا حقدار ہے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ نے پہلے جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کو ’ہل‘ کا نشان الاٹ کرنے کی مخالفت کی تھی۔ عدالت نے درخواست دائر کرنے پر لداخ انتظامیہ پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
لداخ انتظامیہ نے جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کی طرف سے جے کے این سی کے لیے ’ہل‘ کے نشان کو نوٹیفائی کرنے کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے خصوصی درخواست دائر کی تھی۔
لداخ انتظامیہ نے 9 اگست کے سنگل بنچ کے حکم کے خلاف ہائی کورٹ کے ایک ڈویڑن بنچ سے رجوع کیا تھا جس نے این سی کو لداخ انتظامیہ کے الیکشن ڈپارٹمنٹ کے دفتر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی کہ وہ پہلے سے ہی مختص شدہ نشان ‘ہل’ کو نوٹیفائی کرے۔
الیکشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 5 اگست کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، 30 رکنی ایل اے ایچ ڈی سی، کرگل کی 26 نشستوں کے لیے پولنگ 10 ستمبر کو ہونے والی ہے اور ووٹوں کی گنتی چار دن بعد ہوگی۔ (ایجنسیاں)