کیف //
یوکرین کے دارالحکومت کیف میں شہری رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔کیف کے محلّے شیوچینکووسکی پر میزائل فائر کیا گیا ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔
یوکرین کے وزیر داخلہ کے مشیر انتون گراشچینکو نے اخباری نمائندوں کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ روس نے شہری رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا ہے۔گراشچینکو نے کہا ہے کہ میزائل روس کی طرف سے غیر قانونی شکل میں الحاق کردہ علاقے کریمیا سے فائر کیا گیا ہے اور حملے میں 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تاہم یوکرین کے وزیر خارجہ دمترو کولیبا نے کہا ہے کہ روس کا کیف پر حالیہ میزائل حملہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس کے دورے کے دوران کیا گیا ہے۔
کولیبا نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس اور بلغاریہ کے وزیر اعظم کیریل پیٹکوف کے دورہ کیف کے دوران روس نے کروز میزائلوں سے شہر کو نشانہ بنایا ہے۔ روس نے اس مکروہ بربریت کے ساتھ یوکرین، یورپ اور دنیا کے مقابل اپنے موقف کو ایک دفعہ پھر واضح کر دیا ہے”۔