نئی دہلی// دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کووڈ-19 کی وجہ سے اپنی جان گنوانے والے ڈاکٹر متھلیش کمار سنگھ اور سرکاری ڈسپنسری میں بر سرِ کار مُنیش دیوی کے اہل خانہ سے جمعرات کو ملاقات کی اور حکومت کی طرف سے ایک ایک کروڑ روپیے کی امدادی رقم کا چیک سونپا۔
مسٹر جین آج کورونا ویریئر آنجہانی منیش دیوی کے اہل خانہ سے باہر دہلی کے کھیڑا کلاں گاؤں میں ان کے گھر پہنچے۔ منیش دیوی کا انتقال 29 اپریل 2021 کو کورونا وائرس کی وبا میں ڈیوٹی کے دوران ہوا تھا۔ انہوں نے منیش دیوی کے پورے خاندان سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی اور مستقبل میں بھی ضرورت پڑنے پر ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اس کے بعد وزیر صحت کورونا ویریئر آنجہانی ڈاکٹر متھیلیش کمار سنگھ کے رشتہ داروں سے ان کے گھر ملنے روہنی پہنچے۔ لواحقین کو ایک کروڑ روپے دیے گئے۔ مرحوم ڈاکٹر متھیلیش کی اہلیہ ڈاکٹر سنگیتا کو محلہ کلینک میں ملازمت اور مستقبل میں ان کے خاندان کی ہر ممکن مدد کا بھی یقین دلایا۔
انہوں نے بتایا کہ مہاراجہ اگرسین اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر متھیلیش کمار سنگھ کی موت 13 جون 2021 کو کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی تھی۔ وہ اسپتال میں کووڈ 19 کے مریضوں کی ڈیوٹی کرتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان کی جان کی قیمت نہیں ادا کی جا سکتی لیکن یہ رقم ان کے خاندان کے روشن مستقبل کا فیصلہ کرنے میں مدد کرے گی۔ کیجریوال حکومت کی جانب سے، ہم ان کے خاندان کو صرف ایک مالی مدد دے رہے ہیں تاکہ ان کے خاندان کو اس رقم سے کچھ راحت مل سکے۔
وزیر صحت نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران عوام کی خدمت کے لیے ڈاکٹر، نرس اور ملازمین نے اہل خانہ سے فاصلہ رکھتے ہوئے مریضوں کے علاج کے لیے 24 گھنٹے خدمات فراہم کیں۔ اس دوران کئی کورونا ویریئر خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے اور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا،’میں مالک سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے۔ وبائی مرض میں جان گنوانے والے کورونا جنگجوؤں کے اہل خانہ کو یقین دلایا گیا ہے کہ دہلی حکومت ان کی مدد کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ دہلی حکومت اب تک ایسے 29 کورونا جنگجوؤں کے خاندانوں کو ایک ایک کروڑ روپے دے چکی ہے۔ ہم اپنے تمام کورونا ویریئر کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی خدمت کی۔