نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما اور خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے بدھ کو لوک سبھا میں اپوزیشن کی طرف سے لائی گئی تحریک کی مخالفت میں اپنے خطاب کے دوران الزام لگایا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے آخر میں ‘فلائنگ کس’ کیا جو خواتین پارلیمنٹرینز کی توہین ہے ۔
محترمہ ایرانی نے کہا کہ جن لوگوں کو مجھ سے پہلے بولنے کا موقع دیا گیا، انہوں نے جانے سے پہلے بے حیائی کی ہے ۔ ایسا غیر مہذب رویہ ملک کی پارلیمنٹ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ یہ ایوان کی خواتین ارکان کی توہین ہے ۔ یہ اس خاندان کی خصوصیات ہیں۔
بعد ازاں، محترمہ ایرانی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں ایوان کے باہر نامہ نگاروں سے کہاکہ "پارلیمنٹ میں خواتین کے تئیں ایسا نفرت انگیز رویہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ پارلیمنٹ جہاں خواتین کی عزت کے تحفظ کے لیے قوانین بنائے جاتے ہیں۔ وہاں بد اخلاقی کا رویہ دیکھا گیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان کے خلاف کارروائی ہوگی؟
واضح رہے کہ کچھ خواتین ممبران پارلیمنٹ نے اس معاملے کو لے کر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے دفتر میں شکایت درج کرائی ہے ۔ خواتین ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ کیرالہ کے وائیناڈ لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ مسٹر گاندھی نے محترمہ ایرانی کے تئیں بدتمیزی کی ہے اور نامناسب اشارے کئے ہیں۔ مسٹر گاندھی کا رویہ پارلیمنٹ کے وقار کے خلاف ہے ۔ وہ مسٹر گاندھی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہیں۔