مانچسٹر// انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں جونی بیئرسٹو کے ناٹ آؤٹ 99 رن کے بعد تیز گیند باز مارک ووڈ کے تین وکٹوں کی بدولت اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
جمعہ کو تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 113 رن بنائے تھے، جو انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 592 کے بڑے اسکور سے کافی پیچھے چل رہی ہے۔ آسٹریلیا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے ابھی 162 رن بنانے ہیں۔ مارنس لابوشین 44 رن بنانے کے بعد کریز پر موجود ہیں جبکہ مچل مارش ایک رن بنانے کے بعد کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے ڈرہم ایکسپریس ووڈ نے صرف سات اوور میں 17 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100ویں وکٹ بھی حاصل کی۔ انگلینڈ تین میچوں کے بعد سیریز میں 2-1 سے پیچھے ہے اور اگر اسے دوبارہ ایشز جیتنا ہے تو اسے مانچسٹر میں جیتن حاصل کرنی ہوگی۔
اس سے قبل انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیرسٹو نے 81 گیندوں کی طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 99 رن بنائے تھے۔
آسٹریلیا نے عثمان خواجہ (18) کو ووڈ کے ہاتھوں اپنی اننگز کے آغاز میں ہی کھو دیا۔ بائیں ہاتھ کے دوسرے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنے دیرینہ حریف اسٹورٹ براڈ کے خلاف اپنی پوزیشن برقرار رکھی لیکن کرس ووکس کی گیند پر 28 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ووڈ نے اپنی 100ویں ٹیسٹ وکٹ اس وقت حاصل کی جب آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ صرف 17 رن بناکر وکٹ کیپر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کے 33 سالہ ووڈ نے کنگسرو ٹیم کے لیے پھر بھی کئی مسائل پیدا کیے لیکن لابوشین اور مارش اسٹمپ پر ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال ر ہے کہ آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں 317 رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 592 رن بنا کر 275 رن کی برتری حاصل کر لی تھی۔