نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے منی پور میں تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ دو خواتین کے ساتھ انسانیت سوز ویڈیو نے انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے ۔
مسٹر چڈھا نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) میں شامل تمام پارٹیاں منی پور تشدد پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی میٹنگ میں شریک 38 پارٹیوں میں سے کم از کم 10 شمال مشرق سے ہیں، لیکن ان میں سے کسی نے بھی منی پور تشدد کا مسئلہ نہیں اٹھایا۔
انہوں نے منی پور کی سنگین صورتحال کو تسلیم کرنے میں ناکام رہنے پر بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سرحدی ریاست کے طور پر اس کی اہمیت کے باوجود منی پور کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن والی حکومت کا مطلب دوہرا تباہی، دوہرا ظلم اور دوہرا استحصال ہے ۔