سرینگر/۱۹جولائی
پلوامہ میں مشتبہ ملی ٹنٹوں کے حملے میں زخمی ہونے والے دو فارسٹ ملازمین میں سے ایک نے بدھ کو ایک اسپتال میں دم توڑ دیا۔
ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ محکمہ جنگلات کا ملازم عمران یوسف جو ملی ٹنٹوں کی فائرنگ کے بعد شدید زخمی ہو گیا تھا، یہاں ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اس سے پہلے پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ سنگرونی کے باگندر پل کے نزدیک فائرنگ کے واقعے میں دو ملازمین زخمی ہوئے ۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور اس ضمن میں تحقیقات شروع کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ راجپورہ پولیس اسٹیشن کو باوثوق ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ جنگل اسمگلر وں کو پکڑنے کی خاطر محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے باگندر پل کے نزدیک درمیانی شب ناکہ لگایا جس دوران ملی ٹینٹوں نے ناکہ پر مامور ملازمین پر فائرنگ کی ۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ڈیلی ویجر عمران یوسف وانی ساکن مانو چرار شریف اور فاریسٹر جہانگیر احمد چچی ولد غلام محی الدین چچی ساکن گوگجی پتھری چاڈورہ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں۹۷کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران دو کھوکھے اور دوسرا قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔