نئی دہلی// جی-20 گلوبل فوڈ ریگولیٹری چوٹی کانفرنس 20 جولائی سے قومی دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوگی جس میں 30 بین الاقوامی تنظیموں اور 25 بین الاقوامی تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ 40 سے زیادہ ممالک کے فوڈ ریگولیٹرز شرکت کریں گے ۔
پیر کو یہاں یہ معلومات دیتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے بتایا کہ گلوبل فوڈ ریگولیٹری چوٹی کانفرنس پہلی بار جی-20 پروگرام کے طور پر دہلی میں منعقد کی جارہی ہے ۔ 20 اور 21 جولائی کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام اس سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے سمٹ کے نشان کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل بھی موجود تھے ۔
مسٹرمانڈویہ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ چوٹی کانفرنس روم، اٹلی کے باہر منعقد ہو رہی ہے ۔ گلوبل فوڈ ریگولیٹرز سمٹ فوڈ سیفٹی کے اہم پہلو پر توجہ مرکوز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چوٹی کانفرنس 40 سے زائد ممالک کے فوڈ ریگولیٹرز کے لیے تعاون اورایک ساتھ کام کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس تقریب میں 30 بین الاقوامی تنظیموں اور 25 بین الاقوامی تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے ۔
کملا وردھن راؤ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر، ایف ایس ایس اے آئی نے کہا کہ دو دنوں کے دوران، چوٹی کانفرنس میں مختلف قسم کی سرگرمیاں شامل ہوں گی، جس میں بین الاقوامی تنظیموں اور سائنسدانوں کے کلیدی خطاب، فوڈ ریگولیٹرز کے ساتھ تکنیکی اور مکمل سیشن، بات چیت کے سیشن شامل ہوں گے ۔ موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز، دو طرفہ اور کثیرالجہتی اجلاس بھی ہوں گے ۔