ڈومینیکا// ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی جیت سے پرجوش ہندوستانی کپتان روہت شرما نے نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور انہیں دوسرے سرے پر بلے بازی کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔
میچ کے بعد روہت نے کہا، ’’ہمیں معلوم تھا کہ وہ (یشسوی) بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں ان کی پرفارمنس نے ظاہر کیا تھا کہ وہ بڑے اسٹیج کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے صبر اور سنجیدگی سے بیٹنگ کی اور اپنے مزاج کا مظاہرہ کیا۔ کسی بھی وقت ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ جلدی میں یا اپنے منصوبوں سے دور جارہے ہیں۔ یہ دیکھ کر اچھا لگا۔”
انہوں نے کہا، ’’میں نے شراکت کے دوران ان سے صرف یہی کہاتھا کہ وہ یہاں کھیلنے کے مستحق ہیں۔ کئی بار جب آپ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلتے ہیں تو آپ کو اپنے آپ پر شک ہوتا ہے کہ میں یہاں آنے کے لیے فٹ ہوں یا نہیں۔ اسی لیے میں ان سے کہتا رہا، آپ یہاں آنے کے مستحق ہیں۔ آپ نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، اس لیے اب ٹیسٹ میچ کا لطف اٹھاؤ۔ رزلٹ کی فکر نہ کرو، جیسے جیسے کھیلتے جاؤ گے، نتیجہ بھی تمہارے حق میں آتا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ یشسوی اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 501 منٹ تک کریز پر رک کر 387 گیندوں کا سامنا کیا اور 171 رنز بنائے، جو کسی بھی ڈیبیو کرنے والے ہندوستانی کھلاڑی کی سب سے طویل اننگز ہے۔ انہوں نے کپتان روہت کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 229 رنوں کی ایک طویل اور ریکارڈ شراکت داری کی۔
میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے بعد، یشسوی نے کہا تھا، "میں نے روہت بھیا سے بھی بلے بازی کے دوران کافی بات چیت کی۔ وہ ہمیشہ مجھے بتارہے تھے کہ اس پچ پربلے بازی کیسے کی جاسکتی ہے اورکہاں رنز بنائے جاسکتے ہیں۔ میچ سے پہلے بھی انہوں نے مجھ سے کہاتھا کہ ، جو بھی کرنا ہے تمہیں ہی کرنا ہے۔