ڈومینیکا// ہندوستان نے روی چندرن اشون (71 رن پر 7 وکٹ) کی کرشمائی کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے دن جمعہ کو پہلا ٹیسٹ اننگز اور 141 رن سے جیت لیا۔ ہندوستان کی یہ جیت ایشیا سے باہر کسی ملک میں سب سے بڑی جیت ہے۔
اس جیت کے ہیرو روی چندرن اشون بنے جنہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں 131 رن کے عوض 12 وکٹیں حاصل کیں اور آٹھویں بار انل کمبلے کے 10 وکٹیں لینے کے ریکارڈ برابر کی۔ ونڈسر پارک میں میزبان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 150 کے جواب میں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹ پر 421 رن پر ڈکلیئر کردی۔
271 کی بڑی برتری حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کو 130 پر سمیٹ دیا۔
کپتان روہت شرما نے ابتدائی طور پر ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں تیز گیند بازوں سے صرف چار اوور کرائے اور پچ کے مزاج کو محسوس کرتے ہوئے رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون کی جوڑی کو آگے کردیا جنہوں نے اپنے کپتان کو مایوس نہیں کیا۔ ویسٹ انڈیز کا اسکور ابھی آٹھ رن تک پہنچا ہی تھا کہ جڈیجہ نے اوپنر ٹیگنارین چندرپال (7) کو ایل بی ڈبلیو کیا جب کہ اشون نے اننگز کے 17ویں اوور میں کپتان کریگ بریتھویٹ (7) کا وکٹ لے کر اپنے قاتلانہ اسپیل کا آغاز کیا۔
جرمین بلیک ووڈ (5) دوسرا شکار بنے جب کہ ریمون ریفر (11) جڈیجہ کی گیند پر وکٹ کے آگے پائے گئے۔ اس دوران محمد سراج نے جوشوا ڈی سلوا (11) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جبکہ بعد میں آنے والے پانچ وکٹیں اشون کے کھاتے میں گئیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلیک اتھاناجے (28) سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے، جب کہ جیسن ہولڈر 20 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین گئے۔
اس سے قبل ہندستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹوں پر 421 رن بنا کر ختم ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ ہندوستان کو میچ جیتنے کی برتری دلانے میں یشسوی جیسوال (171)، روہت شرما (103) اور وراٹ کوہلی (72) کا کردار نمایاں رہا۔