واشنگٹن///
وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ نیٹو یوکرین کے لیے اصلاحات کا ایک راستہ نکالے گا تاکہ وہ بالآخر اتحاد میں شامل ہو سکے لیکن اس حوالے سے کوئی ٹائم ٹیبل نہیں دے گا۔
سلیوان نے آج منگل کو ولنیئس میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ "یوکرین کے لیے اصلاحات کا راستہ تیار کیا جائے گا لیکن میرے پاس اس کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ صدر جو بائیڈن بدھ کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔
جیک سلیوان نے روسی حملے کے خلاف جاری جنگ کے دوران مغربی حمایت یافتہ یوکرین کے لیے فوری طور پر داخلے کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایسا کوئی اقدام نیٹو کو روس کے ساتھ جنگ میں لے جائے گا۔
ولنیئس میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں یوکرین کے عزائم کے لیے رضامندی کا کا حوالہ دیتے ہوئے جیک سلیوان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ راستہ کیا ہے؟ مجھے لگتا ہے کہ ہم ایک اچھی تفہیم پر پہنچ سکتے ہیں۔
یوکرین کی رکنیت کے معاملے سے الگ نیٹو ممالک یوکرین کی پیش کش کے لیے ٹھوس عبوری حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ یہ حفاظتی اقدامات کیف کی فوج کو روسیوں کو پیچھے دھکیلنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے موجودہ امداد کے علاوہ ہے۔
سلیوان نے کہا کہ بائیڈن اور زیلنسکی کے درمیان بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔