لاہور//
آل راؤنڈر شاداب خان نے بابر اعظم کو پاکستانی ٹیم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا ہے۔ ایک مقامی نیوز چینل کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی کپتان کا ویرات کوہلی سے موازنہ بھی کیا اور کہا کہ پاکستانی قائد اب کوہلی کے ریکارڈز کو پیچھے چھوڑنے جارہے ہیں۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ بابر نے پاکستان کے لیے شاندار پرفارمنس پیش کی ہے، خاص طور پر جس طرح سے وہ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلتے ہیں، جو ان کے لیے موزوں بھی ہے۔
وہ آہستہ آہستہ ویرات کوہلی کے بنائے گئے تمام ریکارڈز کو توڑ رہے ہیں اور پیچھے چھوڑ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے دور میں جہاں معلومات آسانی سے دستیاب ہیں، شاداب نے یہ بھی تسلیم کیا کہ خاص طور پر نامور کھلاڑیوں کے بارے میں تنقید ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان ٹیم میں دوستی کی کوئی جگہ نہیں، اگر ایسا ہوتا تو کیا بابر اپنے بھائیوں کو ٹیم میں کھیلنے کو ترجیح نہ دیتا؟ ہم سوشل میڈیا کے دور میں جی رہے ہیں، اور آج کی دنیا میں کوئی چیز چھپی نہیں رہ سکتی”۔
شاداب خان نے کہا کہ مجھے پہلے نہیں معلوم تھا کہ آپ جتنے بڑے کھلاڑی ہوں گے، آپ کو اتنی ہی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا، افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران پریس کانفرنس میں بابر اور رضوان کے بارے میں میرے جواب کی بھی غلط تشریح کی گئی۔ اس سے قبل افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب نے بابر اور رضوان کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیریز ہارنے کے بعد اب سب کو بابر اور رضوان کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا ہوگا۔
ان کے اس بیان کے بعد سے انہیں وائٹ بال کرکٹ کے نائب کپتان کے عہدے سے ہٹائے جانے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر نے ان کی حمایت کی اور پی سی بی کو سفارش کی کہ وہ شاداب کو محدود اوورز کے فارمیٹ میں نائب کپتان برقرار رکھے۔