حیدرآباد//وزیراعظم مودی نے ریمارک کیا کہ اگرچہ کہ تلنگانہ نسبتا نئی ریاست ہے اور اس نے اپنے قیام کے 9سال مکمل کئے ہیں تاہم ریاست اور اس کے عوام کا رول ہندوستان کی تاریخ میں کافی اہم ہے ۔انہوں نے تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں 6,100 کروڑروپئے مالیت کے بیشتر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگو عوام کی صلاحیتوں نے ہندوستان کی صلاحیتوں میں ہمیشہ اضافہ کیا ہے ۔ان ترقیاتی کاموں میں 5550کروڑوپئے مالیت کے 176کلومیٹر طویل قومی شاہراہوں کے پراجکٹس، قاضی پیٹ میں 500کروڑروپئے سے ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ شامل ہے ۔وزیراعظم نے قبل ازیں بھدراکالی مندر میں پوجا کی۔
انہوں نے ہندوستان کو دنیا کی 5ویں بڑی معیشت بنانے میں تلنگانہ کے شہریوں کے اہم رول کو اجاگر کیااور مواقع میں ترقی کا یقین ظاہر کیا کیونکہ دنیا ہندوستان کی طرف سرمایہ کاری کے مرکز کے طورپر دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کا نوجوان، توانانی سے بھرپور ہے ۔وزیراعظم نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کا کوئی بھی حصہ تیز ترترقی کے معاملہ میں پیچھے نہیں ہے ۔انہوں نے تلنگانہ کے انفراسٹرکچر اور گذشتہ 9سالوں میں اس کو مربوط کرنے کے کاموں میں بہتری کو بھی اجاگرکیا۔انہوں نے آج کے پراجکٹس پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کی جن کی مالیت تقریبا6000کروڑروپئے ہے ۔مودی نے زوردیتے ہوئے کہا کہ نئے مقاصد کے حصول کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تیزترترقی، انفراسٹرکچر سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے شاہراہوں،ایکسپریس وے ، معاشی راہداریوں اور صنعتی راہداریوں کی مثالیں دیں جن کے ذریعہ نٹ ورک بنایاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دو لین کی شاہراہوں کو چارلین اور چارلین کو چھ لین میں تبدیل کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں شاہراہوں کے نٹ ورک کو 2500سے 5000کلومیٹر تک کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 2500قومی شاہراہوں کی تعمیر ترقی کے مختلف مراحل میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت مالا پراجکٹ کے حصہ کے طورپر کئی درجن پراجکٹس تلنگانہ سے گذررہے ہیں۔انہوں نے حیدرآباد۔اندورمعاشی کاریڈرار،چینئی۔سورت معاشی کاریڈار، حیدرآباد۔پنجی معاشی کاریڈار اورحیدرآباد۔
وشاکھاپٹنم انٹرکاریڈار کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ اطراف کے معاشی مراکز کو جوڑرہا ہے اور یہ معاشی سرگرمیوں کامرکز بن رہا ہے ۔ناگپور۔وجئے واڑہ کاریڈار کے منچریال۔ورنگل سکشن کا حوالہ دیتے ہوئے جس کا سنگ بنیاد آج رکھاگیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس سے تلنگانہ کو مہاراشٹرا اوراے پی سے مربوط کرنے میں مدد ملے گی اور منچریال، ورنگل کے درمیان فاصلہ کو بھی کم کیاجاسکے گا۔انہوں نے کہاکہ اس سے ٹریفک میں بھی کمی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یہ خطہ کئی قبائلی طبقات کا حامل ہے جن کو طویل عرصہ سے نظرانداز کیاجارہا ہے ۔
انہوں نے میک ان انڈیا مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مینوفیکچرنگ کا شعبہ ملک میں نوجوانوں کیلئے روزگارکا ذریعہ بن گیا ہے ۔چاہے وہ کسان ہوں، مزدورہوں،طلبہ ہوں یا پھر پیشہ ور۔ہر کسی کو اس سے فائدہ ہورہا ہے ۔نوجوانوں کو گھروں کے قریب ہی سے نئے روزگار اور خودروزگار کے نئے مواقع حاصل ہورہے ہیں۔