سرینگر/جولائی
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے فوڈ سپلمنٹیشن اسکیم ( ایف ایس ایس) کے تحت ترجیحی کنبوں کو سبسڈی قیمتوں پر۰۱ کلو اضافی راشن دینے کا اعلان کیاہے۔
سنہانے کہا کہ سمارٹ میٹر نصب کرنے کا کوئی متبادل نہیں ہے کیونکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ ۴برسوں کے دوران بجلی فیس کی بقایا رقم 31 ہزار کروڑ رویے تک پہنچ گئی ہے۔
ایل جی نے ان باتوں کا اظہار راج بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
سنہانے کہاکہ جموںکشمیر میں ترجیحی کنبوں کو پہلے ہی فی کس کے حساب سے پانچ کلو راشن مفت مل رہا ہے اوراب سے ترجیحی گھرانوں کے تحت آنے والے ہر خاندان کو دس کلو اضافی راشن فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموںکشمیر میں 14لاکھ 32ہزار راشن کارڈ ہولڈرز ہیں۔
ایل جی نے کہاکہ غریبوں کی فلاح و بہبود جموں وکشمیر انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہاکہ اضافی دس کلو راشن 25روپے فی کلو کے حساب سے صارفین کو فراہم کیا جائے گا اور اس پر یوٹی انتظامیہ کو سالانہ 1.80کروڑ روپیہ کا خرچ آئے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ چاول 34روپے فی کلو کے مقابلے میں موجودہ سرکار نے ایف ایس ایس کے تحت آنے والے صارفین کو صرف 25روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور اس طرح سے سرکار نو روپے کی سبسڈی دے گی۔
سنہا نے کہاکہ ترجیحی گھرانوں کے ذمرے میں آنے والے لوگوں کو پہلے ہی فی فرد چار کلو راشن مفت مل رہا تھا اور اس طرح اگر کسی کنبے کے چار افراد ہیں توا نہیں سبسڈی والے نرخوں پر 16کلو مفت راشن کے علاوہ دس کلو اضافی چاول ملے گا۔
سرکاری اسامیوں کو پر کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ امیدواروں کی جانب سے شکایت ملنے کے بعد جن امتحانات میں دھاندلیاں ہوئیں سرکار نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے اور اب معاملہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں چلا گیا ہے۔
ایل جی کے مطابق ہائی کورٹ کی جانب سے ان امتحانات کے حوالے سے کوئی فیصلہ آنے کے بعد امتحانات لئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جو نئی اسامیاں مشتہر کی گئیں ان کا آنے والے پندرہ روز کے اندرا ندر امتحانی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
سری نگر جموں شاہراہ پر پنتھال کے قریب شاہراہ کو نقصان پہنچنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں منوج سنہا نے کہاکہ متبادل شاہراہ کی خاطر اقدامات ا±ٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تین روز کے اندرا ندر متبادل راستہ تلاش کیا جائے گا تاہم ٹنل مکمل ہونے کے بعد یہ معاملہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت غریبوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی نرمی کا اعلان کرے گی ‘ سنہا نے کہاکہ لوگوں کو استعمال کے مطابق بجلی کے بل ادا کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار سالوں میں، بجلی کے ٹیرف کے بل 31000 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔
ایل جی نے کہا کہ بارش کی وجہ سے امرناتھ یاترا کو روک دیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ کل تک موسم بہتر ہو جائے گا تاکہ یاتریوں کو پوترا گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی جاسکے۔