سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو معاون کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوئوں کی نقل و حمل کے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر بارہمولہ پولیس، فوج کے۵۲آر آر اور ایس ایس بی کی سیکنڈ بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے نائو پورہ جاگیر کریری علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک مشتبہ شخص نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اس کو دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا’’تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے ایک پستول‘ایک پستول میگزین، اور تین پستول گولیاں بر آمد کی گئیں‘‘۔
پولیس بیان کے مطابق مذکورہ شخص کو فوری طور پر حراست میں لیا گیا جس کی شناخت محمد صدیق لون ولد محمد رمضان لون ساکن نائو پورہ جاگیر کریری کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس بیان میں کہا گیا’’پوچھ تاچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ وہ لشکر طیبہ کیلئے جنگجو معاون کی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور وہ سوپور سے تعلق رکھنے والے سرگرم جنگجو عادل دانتو اور پاکسان کے جنگجو عثمان بھائی کیلئے کام کر رہا تھا اور ضلع میں ٹارگیٹ ہلاکتیں انجام دینے کیلئے ان ہی جنگجوئوں سے ہتھیار حاصل کرتا تھا‘‘۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کریری میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔