جموں//
جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک سڑک حادثے میں۳ خواتین سمیت۴؍افرادہلاک جبکہ۸دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے تھنہ منڈی بھنگائی روڈ پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک ایکو گاڑی جس میں۱۲؍ افراد سوار تھے‘ گہری کھائی میں جا گری۔
ذرائع نے کہا کہ اس حادثے میں۳مسافروں کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک مسافر سب ضلع ہسپتال تھنہ منڈی میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی بفلیاز سے بھنگائی جا رہی تھی کہ اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق متوفین کی شناخت۵۵سالہ شمیم اختر زوجہ منیر حسین‘۳۵ سالہ روبینہ کوثر زوجہ پرویز احمد‘۳۸سالہ زرینہ بیگم زوجہ محمد اعظم اور۳۸سالہ محمد یونس ولد محمد صادق ساکنان بھنگائی کے بطور ہوئی ہے ۔
زخمیوں کی شناخت۴۰سالہ شاہین بیگم زوجہ محمد صادق‘۳۵سالہ زیتون بیگم زوجہ فاروق احمد‘۴۵سالہ شاہین بیگم زوجہ حکیم الدین‘۵۰سالہ بیگم جان زوجہ فضل حسین‘۶۰سالہ فاطمہ بیگم زوجہ محمد مکھنا‘۳۵ سالہ ثریا بیگم زوجہ محمد قاسم‘۴۰سالہ کلثوم بیگم زوجہ برکت حسین اور ۶۰سالہ محمد قاسم ولد غلام حسین ساکنان بھنگائی کے بطور ہوئی ہے ۔
زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ایسو سیٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
اس دوران جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس سڑک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’راجوری میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر گہرا صدمہ ہوا‘‘۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا’’میں پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں‘‘۔
ایل جی سنہاکا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ پسماندگان جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے ، کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدام کر رہی ہے اور زخمیوں کے علاج و معالجے کیلئے بھی ضروری اقدام کئے جا رہے ہیں۔