سڈنی// ایشز سیریز کا دوسرا میچ کینگروز کی جیت کے ساتھ کئی تنازعات کو جنم دے گیا جس کو آسٹریلوی اخبار نے انگلش کپتان کی غیر اخلاقی تصویر شائع کرکے مزید ہوا دی ہے۔
کرکٹ کی دنیا میں آسٹریلیا اور انگلینڈ دو قدیم اور روایتی حریف ہیں جو ہر سال ایشز سیریز کو جنگ سمجھ کر کھیلتے ہیں اور کھیل کی اس جنگ میں دونوں ممالک کے شائقین بھی جذباتی طور پر شریک ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر ایشز سیریز کسی نئے تنازع کو جنم دیتی ہے۔
گزشتہ دنوں لارڈز میں ختم ہونے والے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے 43 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی تاہم انگلش کھلاڑی جونی برسٹو کے متنازع رن آؤٹ سے پیدا ہونے والا تنازع کئی تنازعات کو پیدا کر گیا۔
آسٹریلوی اخبار نے انگلش کپتان بین اسٹوکس کی مضحکہ خیز اور قابل اعتراض تصویر شائع کرکے اس تنازع کو مزید ہوا دینے کی کوشش کی ہے۔
ایشز سیریز میں کینگروز کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد آسٹریلوی اخبار نے انگلش کپتان بین اسٹوکس کی مضحکہ خیز تصویر شائع کردی۔
دی ویسٹ آسٹریلیا نامی اخبار نے بین اسٹوکس کی تصویر شائع کی جس میں انگلش کپتان کو ڈائپر پہنے اور منہ میں چوسنی لگائے ایک بچے کی طرح دکھایا گیا ہے جس کے ایک طرف ایشز کی ٹرافی پڑی ہے جب کہ وہ قریب پڑی نئی گیند کی جانب ہاتھ بڑھا رہا ہے۔
اخبار نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ تصویر کو طنزیہ کیپشن کرائینگ بے بی (روتو بچہ) بھی دیا۔
آسٹریلوی اخبار کی اس حرکت پر انگلش کپتان نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے کرارا جواب دیا اور مذکورہ تصویر کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ میں کب سے نئی گیند کرنے لگا؟ یہ یقینی طور پر میں نہیں ہوں‘‘۔
واضح رہے کہ مذکورہ ٹیسٹ کے پانچویں روز الیکس کیری نے جونی بیئرسٹو کو متنازع طریقے سے رن آؤٹ کر دیا تھا۔ دوسرے ایشز ٹیسٹ کے اس طرح متنازع انداز میں ختم ہونے کے بعد سے ہی برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا کے درمیان لڑائی دیکھنے میں آ رہی ہے، برطانوی میڈیا نے الزام لگایا ہے کہ کینگروز نے دھوکا دہی سے میچ جیتا۔