لندن// تجربہ کار آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لاین دائیں پنڈلی کے پٹھے پھٹ جانے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایشیز ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ نوجوان ٹیلنٹ ٹوڈ مارفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاین کو لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن فیلڈنگ کے دوران دائیں پنڈلی میں چوٹ لگ گئی تھی۔ وہ بھلے ہی دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے آئے ہوں لیکن فیلڈنگ ان کی جگہ میٹ رینشا نے کی تھی۔
لاین نے اتوار کے روز آسٹریلیا کے طبی عملے سے ملاقات کی جس کے بعد ان کے دورہ انگلینڈ کے اختتام کی تصدیق ہو گئی۔ لارڈز ان کا لگاتار 100 واں ٹیسٹ تھا اور آسٹریلیائی ٹیم 101 ٹیسٹ میں پہلی بار لاین کے بغیر میدان میں اترے گی۔
دریں اثناء، آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونالڈ نے تصدیق کی کہ اس سال ہندوستان میں ڈیبیو کرنے والے آف اسپنر مارفی آئندہ تین ٹیسٹ میچوں کے لیے آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
میکڈونالڈ نے صحافیوں کو بتایا، "ہم اپنی گیند بازی میں اسپنر کو رکھنا پسند کریں گے۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا (اتوار کے روز)، بعض اوقات ہمیں دوسرے سرے پر ناتھن کے بغیر مختلف کھیلنا پڑتا تھا، جس کے ہم عادی نہیں تھے۔ بعض اوقات یہ تھوڑا سا تعجب خيز نظر آتا ہے لہذا ہم اس اسپن آپشن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔”
مارفی پہلی بار ٹیسٹ میچ میں واحد اسپنر کے طور پر کھیلیں گے۔ انہوں نے ہندوستان میں چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں لاین کے ساتھ کام کیا۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 6 جولائی سے لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔