نئی دہلی//مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہند-امریکہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔
یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پوری نے کہا کہ جب وزیر اعظم نے پہلی بار امریکہ کا دورہ کیا تو ہندوستان دنیا کی 10ویں بڑی معیشت تھی اور آج یہ پانچویں نمبر پر آ گئی ہے ۔
مسٹر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران کئے گئے اقدامات اور معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کا اعلان کیا، جو کہ اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر ایک پہل ہے ۔ اس کے علاوہ، ناسااور اسرو 2023 تک انسانی خلائی پرواز کے تعاون کے لیے ایک اسٹریٹجک فریم ورک تیار کریں گے ۔
امریکی کانگریس سے مسٹر مودی کے خطاب پر مرکزی وزیر نے کہا کہ امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے ان کا خطاب اور وہاں موجود مندوبین کا ان سے آٹو گراف مانگنا عالمی رہنما کے طور پر ان کے قد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘دنیا بھر سے صرف چند لوگوں نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ تاریخ میں جھانکیں تو معلوم ہوتا ہے کہ نیلسن منڈیلا اور ونسٹن چرچل کو یہ موقع ملا تھا۔’’