اس بات میں یقینا کوئی شک نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ اگست ۲۰۱۹ کے بعد کشمیر کے حالات… زمینی حالات میں زمین و آسمان کا فرق ہے… آپ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ اگست ۲۰۱۹ کے بعد کشمیر بدل گیا یا اسے بدل دیا گیا … اب جو یہ بدلا ؤ آیا کیا اس لئے آیا کہ مرکز ی… بی جے پی کی مرکزی حکومت نے دفعہ ۳۷۰ کو منسوخ کیا یا اس کے بغیر بھی یہ بدلاؤ ممکن تھا …اس سوال کا جواب ایک نہیں ہو سکتا ہے … اس کے ایک سے زیادہ جوابات ہیں اور… اور ان جوابات میں کوئی حتمی نہیں ہے… ہمارا ماننا ہے کہ علیحدگی پسندی اور جنگجوئیت کو ختم کرنے ‘ اسے کچلنے کیلئے دفعہ ۳۷۰ کوئی رکاوٹ نہیں تھی… بالکل بھی نہیں تھی… اس کیلئے دفعہ ۳۷۰ کو منسوخ کرنے کی ضرورت نہیں تھی… بلکہ اگر کسی چیز کی ضرورت تھی تو… تو عزم ‘ سیاسی عزم کی تھی… جس کا مظاہرہ حکومت نے کیا … اور یہ اس عزم کا ہی نتیجہ ہے کہ… کہ کشمیر آج بدلا بدلا سا نظر آرہا ہے… بالکل بدلا سا اور… اور اس لئے آرہا ہے کیوں کہ کم و بیش گزشتہ ۴ برسوں میں کشمیر میںسنجیدہ نوعیت کی تبدیلیاں لائی گئیں … مرکز نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہو ئے سنجیدہ نوعیت کی تبدیلیاں لائیں اور…اور اب بھی لا رہا ہے…ان تبدیلیوں کا براہ راست اثر یہاں کے حالات ‘زمینی حالات پر پڑ گیا ۔ اور یقین کیجئے کہ ہمیں اس سب پر کوئی اعتراض نہیں ہے… اور اس لئے نہیں ہے کیوں کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے… جو کچھ بھی کیا جارہا ہے… وہ سب ہماری اس نا سمجھ ‘ سمجھ کی سمجھ میں آرہا ہے… لیکن … لیکن ایک بات جو ہماری اس نا سمجھ ‘ سمجھ کی سمجھ میں نہیں آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ… کہ کبھی کبھی کشمیر میں کچھ لوگ ایسی حرکتیں بھی کرتے ہیں… کہ وہ حرکتیں کسی سرکس کے جوکر کی لگتی ہیں…اور سو فیصد لگتی ہیں۔کشمیر ان حرکتوں کے بغیر بھی جی سکتا ہے اور… اور جی رہا ہے…پھر یہ حرکتیں کیوں ؟کہیں کسی عمارت پر نصب بورڈ کو اکھاڑ پھینکنا‘ کہیں کسی خالی عمارت میں گھس کر جھنڈا لہرانا اور پھر فوٹو کھینچوانا … یہ حرکتیں… اللہ میاں کی قسم یہ حرکتیں سرکس کے جوکر کی حرکتوں جیسی لگتی ہیں جن کے کوئی معنی نہیں ہیں… کہ… کہ کشمیر اس سب سے آگے نہیں بلکہ بہت آگے بڑھ گیا ہے اور… اور جو یہ حرکتیں کررہے ہیں…وہ ان سنجیدہ کوششوں کو ایک مذاق کے طور پیش کرنا چاہتے ہیں… جو مرکز یہاں کررہا ہے … اگست ۲۰۱۹ کے بعد کررہا ہے… سنجیدہ کوششیں… کہ ان کی یہ حرکتیں ان سنجیدہ کوششوں کے شایان شان نہیں ہیں… بالکل بھی نہیں ہیں۔ ہے نا؟