سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے سوپور میں منشیات فروش کے قبضے سے بڑی مقدار میں ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ایس ایس پی سوپور‘ شبیر نواب نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ منشیات کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے سوپور پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات کی اشیائبرآمد کی ہے ۔
ایس ایس پی نے کہاکہ ۱۰مئی کو سنگرامہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک گاڑی کو روک کر اس میں سوار منشیات فروش الطاف احمد صوفی ساکن خوشحال کالونی تیل بل کو حراست میں لیا۔
نواب نے کہاکہ دوران پوچھ تاچھ منشیات فروش نے بتایا کہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے شخص کی جانب سے شمالی کشمیر میں منشیات کی اشیاء پہنچائی جارہی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک ایف آئی آر کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے۱۵جون کو واڈورہ پائین میں ناکہ چیکنگ کے دوران پرویز احمد بٹ ولد علی بٹ ساکن عمر آباد ایچ ایم ٹی سری نگر کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ایک درجن نشہ آور بوتلیں برآمد کیں۔
نواب نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران منکشف ہوا کہ پرویز دہلی ، پنجاب اور دوسری ریاستوں سے منشیات کی اشیاء کشمیر پہنچانے کا کام انجام دے رہا ہے ۔ان کے مطابق پرویز کے قبضے سے مزید ۳۵۰بوتلیں برآمد کی گئیں۔
سوپور کے ایس ایس پی نے کہاکہ سوپور پولیس نے منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پرویز نے منشیات کے کاروبار سے جڑے مزید افراد کے بارے میں جانکاری فراہم کی اور انہیں بھی بہت جلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔