سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز شری امرناتھ جی یاترا تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے مختلف محکموں اور متعلقہ ایجنسیوں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں جل شکتی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ایس شالین کابرا، شری امر ناتھ شرائن بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، فوج کی پندرہویں کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری اور ایس اے ایس بی اور بی آر او کے سینئر افسروں اور ٹیلی کمیونی کیشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بی آر او کے ذریعے یاترا ٹریکس کی اپ گریڈیشن، کمزور حصوں پر سیفٹی ریلنگ کی تنصیب، برف کی صفائی، فوجی خیموں کی تنصیب اور ٹیلی کمیونی کیشن کنیکٹیوٹی کے استحکام کے کاموں کا جائزہ لیا۔
سنہا نے ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والوں کو یاترا راستوں پر نیٹ ورک کنیکٹیوٹی کو مضبوط کرنے کی ہدایات دیں۔
ایل جی نے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی طرف سے کی جا رہی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے اعلیٰ وسائل کی موبیلائزیشن اور افرادی قوت بڑھانے کی ہدایات دیں تاکہ یاترا شرع ہونے سے قبل ہی تمام تر انت تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے ۔
بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں۳ہزار۸سو۸۰میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو ۳۱؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے پوترا گھپا تک۶۰ہزار سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے ضلع اودھم پور میں کئی مقامات پر سپیشل ڈاگ اسکواڈ تعینات کئے ہیں۔
بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو۱۵جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں وکشمیر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیوں کی درخواستوں کو منظور کریں نہ آگے بڑھائیں۔
حکام کے مطابق امسال۵لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے ۔