ممبئی// دہلی کیپٹلس کی ٹیم میں کورونا انفیکشن کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ کے خاندان کا ایک فرد کورونا کی زدمیں آگیا ہے۔ اس وجہ سے پوری پونٹنگ فیملی کو کوارنٹائن کرنے کے لئے ایک الگ جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دہلی کیپٹلس نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ اس بیان کے مطابق پونٹنگ فیملی کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ اس کے بعد پونٹنگ کو دو کورونا ٹیسٹ سے گزرناپڑاجس کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ تاہم ٹیم کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ اور میڈیکل ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پانچ دن تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
پازیٹیو پائے گئے شخص کے قریبی رابطے کی وجہ سے اب پونٹنگ جمعہ کو راجستھان رائلز کے خلاف دہلی کیپٹلز کے اگلے میچ کے دوران میدان میں موجود نہیں ہوں گے۔ اپنے بیان میں، دہلی کیپٹلز نے گزارش کی ہے کہ اس وقت پونٹنگ اور ان کے خاندان کی رازداری کا احترام کیا جائے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب دہلی کیپٹلزمیں کوئی کورونا متاثر پایا گیا ہے۔ اس سے قبل 16 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ہوئے مقابلے سے ایک دن قبل ٹیم کے فزیو پیٹرک فرہارٹ کورونا مثبت پائے گئے تھے۔ دو دن بعد ٹیم کے آل راؤنڈر مچل مارش، اسپورٹس مساج تھراپسٹ چیتن کمار، ٹیم ڈاکٹر ابھیجیت سالوی اور سوشل میڈیا ممبر آکاش مانے مثبت پائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ پنجاب کنگز کے خلاف دہلی کے آخری میچ سے قبل ٹیم کے غیر ملکی وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ بھی کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔