سرینگر/۱۹ جون
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ پولیس نے دہشت گردی‘ امن و امان اور جدیدیت کے چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹا ہے اور فورس اپنے داخلی سلامتی کے انتظام کے ذریعے اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ایک عام شہری بلا خوف زندگی گزارے۔
ایل جی سنہا نے یہاں ڈل جھیل کے کنارے واقع ایس کے آئی سی سی میں جشن دل تقریب کے اختتام پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داخلی سلامتی کے کامیاب انتظام کی وجہ سے کشمیر کے لوگ اس وقت پرامن ماحول میں رہ رہے ہیں۔ اس وقت ۔ان کاکہنا تھا”جموں کشمیر پولیس نے دہشت گردی، امن و امان اور جدیدیت کے چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹا ہے“۔
سنہا نے مزید کہا کہ پولیس کے شہری ایکشن پروگراموں کے ذریعے‘ جن میں پیڈل فار پیس اور جشن دل شامل ہیں‘ لوگوں نے کھیلوں سے متعلق کئی تقریبات میں حصہ لیا اور کھیلوں سے متعلق مختلف شعبوں میں اپنے مستقبل کا انتخاب کیا۔
ایل جی نے کہا کہ جشن ڈل پروگرام میں 700 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا”ڈل جھیل صرف ایک جھیل نہیں ہے بلکہ لوگوں کا فخر ہے۔ جن لوگوں نے اس کی صفائی میں حصہ لیا ہے وہ اپنا کام جاری رکھیں تاکہ جھیل کو بنیادی طور پر صاف کیا جا سکے۔ یوتھ سروسز سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے قابل ستائش کام کیا ہے“۔
سنہاکا مزید کہنا تھا”گزشتہ سال، جموں و کشمیر میں 60 لاکھ نوجوانوں نے مختلف کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ شاید ہی کوئی ایسا ضلع ہو جہاں کھیلوں کی سرگرمیاں یا کوئی بڑا ٹورنامنٹ ہر روز منعقد نہ ہوتا ہو“۔
ایل جی نے کہا کہ انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا ہے۔ دو بین الاقوامی اسٹیڈیم جموں و کشمیر کے علاقوں میں ہیں۔ ہر ضلع اور پنچایت میں والی بال اور فٹ بال کے میدانوں کے علاوہ کثیر مقصدی کھیلوں کی سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کو ایک نئی شناخت ملی ہے اور یہ بحث چل رہی ہے کہ جہاں تک ترقی اور ری اسٹرکچرنگ کا تعلق ہے دہلی کو سرینگر ماڈل پر عمل کرنا چاہئے۔