سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں نابالغ لڑکے کے ساتھ بدفعلی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کریری کو ۱۳جون۲۰۲۳کو ایک شخص کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ اس کے۶سالہ بیٹے کے ساتھ کسی نے ۱۲جون ۲۰۲۳کو بد فعلی کی۔
انہوں نے کہا’’شکایت میں کہا گیا کہ ملزم نے متاثرہ کو دھمکی دی کہ وہ اس واقعہ کے متعلق کسی کو نہ بتائے جس کی وجہ سے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج نہیں کی‘‘۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن کریری میں آئی پی سی اور پی او ایس سی او ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا’’تحقیقات کے دوران سخت کاوشوں کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے فوری طور پر حراست میں لیا گیا‘‘۔بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا سری نگر پولیس نے دو نابالغ طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں استاد کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ راولپورہ کے ایک اسکول میں تعینات عربی ٹیچر ‘ستار بیگ ولد نبار بیگ ساکن گریز بانڈی پورہ حال حیدر پورہ کو دو کمسن طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ طالبات چوتھی اور پانچویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ صدر پولیس تھانہ میں استاد کے خلاف پاکسو ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا۔