نئی دہلی// سپریم کورٹ نے جمعرات کو شمال مغربی دہلی کے فساد زدہ جہانگیر پوری میں میونسپل کارپوریشن کی انسداد تجاوزات مہم پر اگلے دو ہفتوں تک روک لگانے کا حکم دیا جسٹس ایل این راؤ اور جسٹس بی آر گوائی پرمشتمل ڈویژن بنچ نے انسداد تجاوزات مہم پر کل لگائی گئی پابندی پر ‘اسٹیٹس کو’ برقرار رکھنے کا حکم دیا اس کے ساتھ ہی بنچ نے جمعیت علمائے ہند کی عرضی پر جہانگیرپوری انسداد تجاوزات مہم جیسی کئی دیگر ریاستوں کی کارروائیوں کے معاملے میں مرکزی حکومت اور دیگر کو نوٹس بھی جاری کیا۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ کے کل کے حکم پر فوری طورپر عمل درآمد نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس کرشنا مراری اور ہیما کوہلی کی ڈویژن بنچ نے کل سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوے اور کپل سبل کے خصوصی ذکر پر اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔
درخواست گزاروں کا الزام ہے کہ عدالتی اسٹے کے باوجود تجاوزات ہٹانے کا کام گھنٹوں جاری رہا۔