لندن//
ہندوستانی کپتان روہت شرما اور تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو وِژڈن کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ڈیون کونوے، ڈین وان نیکرک اور اولی رابنسن کو بھی وِژڈن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
روہت اور بمراہ انگلینڈ کے پچھلے دورے میں بالترتیب بلے بازی اور گیندبازی اوسط میں سرفہرست تھے۔ یہ سیریز ہندوستان کے آگے رہتے ایک میچ پہلےکووڈ 19 کے خطرے کے پیش نظر ختم ہو گیا تھا۔ بچا ہوا ایک ٹیسٹ جولائی میں کھیلا جانا ہے۔
معروف کرکٹ میگزین وِژڈن نے سال 2021 کے لیے پانچ بہترین کرکٹرز کا اعلان کیا ہے۔ وِژڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے فہرست جاری کرتے ہوئے کہا، ’ہندوستان نے انگلینڈ کے موسم گرما میں دو ٹیسٹ میچ جیتے تھے۔ جسپریت بمراہ اس کی بڑی وجہ تھے۔ انہوں نے لارڈس ٹیسٹ کے آخری دن ایک ہی سیشن میں تین وکٹیں حاصل کیں اور پھر اوول ٹیسٹ میں بھی مسلسل اوورز میں اولی پوپ اور جونی بیئرسٹو کی وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔اگر ٹرینٹ برز میں آخری دن بارش نہ ہوتی تو ہندوستان وہ میچ بھی جیت سکتا تھا۔اس میچ میں بھی بمراہ نے نو وکٹیں لیں۔مجموعی طور پر انہوں نے چار ٹیسٹ میچوں میں 20 کی شاندار اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کیں اور لوورآرڈر بلے بازی میں غیر متوقع رن بھی بنائے۔
بوتھ نے کہا، ’اگر ہندوستان ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے آگے ہے تو اس میں روہت شرما ایک اور اہم وجہ ہیں، انہوں نے لارڈس میں سخت حالات میں 83 رن بنائےجبکہ اوول میں 127 رن کی سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی مدد کی جو پہلی پاری میں کم رن بنانے سے ابھری ۔