لاہور// پاکستانی قومی ٹیم کے سابق کپتان اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بابر اعظم انضمام الحق کا نعم البدل بن سکتے ہیں۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں سعید انور اور انضمام الحق جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا، موجودہ دور میں بابر اعظم انضمام الحق کا نعم البدل بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹ میں کارکردگی بہت اچھی ہے، ہمارے پاس حارث رؤف، شاہین آفریدی، زمان خان، نسیم شاہ اور احسان اللہ جیسے بولرز موجود ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ بطور کرکٹر میں چاہتا ہوں کہ ہند پاک ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں، ہندوستان کو پاکستان آنا چاہیے اور پاکستان کو بھی ہندوستان جانا چاہیے، ہند پاک کرکٹ دونوں حکومتوں کا ایشو ہے لیکن یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تاخیر کیوں ہے اس پر مجھے خود بھی حیرت ہے، پی سی بی کا آئی سی سی پر دباؤ ہے یا نہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ بچے گراؤنڈ میں آکر کرکٹ کھیلیں، پہلے بھی ماڈل ٹاؤن گرینز سے وہاب ریاض، سلمان بٹ اور اعزاز چیمہ جیسے کھلاڑی سامنے آئے تھے، ایسے کیمپ کا ہونا بہت ضروری ہے۔