جموں//
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ شری وینکٹیشور سوامی کے مندر کے کھلنے سے جموں میں مذہبی ٹورزم کو بڑھا وا ملے گا اور اس سے جموں کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
سنہا نے کہا کہ شری وینکٹیشور سوامی کے آشیر واد سے جموں وکشمیر میں امن قائم ہوگا اور ترقی مئی اونچائیوں کو چھوئے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شری وینکٹیشور سوامی مندر کی افتتاحی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’بھگوان شری وینکٹیشور سوامی کا مندر تیار ہوا ہے میں سمجھتا ہوں کہ ان کے آشیر واد سے جموں وکشمیر میں امن قائم ہوگا اور ترقی نئی اونچائیوں کو چھوئے گی‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا کہ یہ جموںکشمیر اور ملک کے سناتن سفر میں ایک تاریخی لمحہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یہا ایک پاٹ شالہ، ہوسٹل بلڈنگ وغیرہ بھی قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھی اس موقع پر یہاں آنا تھا لیکن وہ کسی ضروری کام کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کرسکے ۔
بتادیں کہ جموں کے مجین علاقے میں حسین شیوالک جنگلات کے درمیان واقع ترو پتی بالا جی مندر کے دروازے جمعرات کے روز عقیدت مندوں کیلئے کھول دئے گئے ۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھگوان شری وینکٹیشور سوامی کے اس مندر کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا۔
سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں جموں وکشمیر اَمرت کال میں تیزی سے اِقتصادی ترقی اور ثقافت کے احیاء کا مشاہدہ کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ جموںوکشمیر یوٹی ایک روشن مستقبل کی طرف گامز ن ہے ۔یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم سماجی و اِقتصادی ترقی کے کام میں حصہ کریں اورعام آدمی کی شرکت اور بااِختیار بنانے کو یقینی بنائیں۔‘‘
سنہا نے مزید کہا کہ سری وینکٹیشور ، بابا اَمرناتھ ، ماتا ویشنو دیوی ، ماتا شردا ، شیو کھوری ، آدی شنکرآچاریہ مندر ، حضرت بل اور دیگر ممتاز مذہبی مقامات اور صوفی زیارت گاہیں مقدس مقامات نہ صرف سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ جموںوکشمیر کو ملک کے ثقافتی اور سپریچیول کیپٹل کے طورپر ترقی دیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شری ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ ، شیر کیلاکھ جیوتش اینڈ ویدک سنستھان اور دیگر تنظیموں کی ویدک ثقافت اور روایات کو فروغ دینے میں ان کے تعاون کی سراہنا کی۔
سنہا نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تروملاتروپتی دیو ستھانم ترجیحی بنیاد پر ایک وید پاٹھ شالہ اور ہیلتھ سینٹر تیار کرے گا۔
اِس موقعہ پرمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اَپنے خیالا ت کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی دِن جموںوکشمیر یوٹی کے ترقی کے سفر میں ایک نیا سنگ میل بنائے گا۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ یہ وِکاس تیرتھ کثرت میں وحدت کی عکاس ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی جی کے ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے ویژن کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔