نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں ابھر رہی نئی سیاست سے فرقہ واریت اور بدعنوانی کی سیاست کا خاتمہ ہورہا ہے جس سے اپوزیشن خوف زدہ ہے۔
بی جےپی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن پارٹی ملک کے عوام کے سوالوں کے جواب نہیں دے پارہے ہیں اور خود کو پاک صاف دکھانے کےلئے اپیل کررہے ہیں۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے صدر مسٹر نڈا نے ہم وطنوں کو ایک بہت اہم خط لکھا ہے۔ اس میں کچھ مسائل نمایاں طور پر اٹھائے گئے ہیں۔ یہ سوالات صرف بی جے پی کے ہی نہیں ہیں، بلکہ آج یہ سوال ملک کے لوگوں کے ذہنوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دو دن پہلے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے ایک خط جاری کیا گیا تھا، جس کے لیے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ – ‘کھوٹی اپیل، کھوٹی نیت ، کھوٹی کانگریس اور کھوٹی اپوزیشن ‘ اس خط میں ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی جارہی ہے۔