نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سوڈان میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں رہنے والے 3000 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کے لیے ہنگامی انخلاء کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ورچوئل میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، سوڈان میں ہندوستان کے سفیر اور کئی دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران مسٹر مودی نے سوڈان میں حالیہ پیش رفت اور پورے ملک میں اس وقت موجود 3000 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا ۔
وزیر اعظم نے ایک ہندوستانی شہری کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا جسے گزشتہ ہفتے سوڈان میں تشدد میں ایک نامعلوم حملہ آور نے گولی مار دی تھی۔
مسٹر مودی نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے ، تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور سوڈان میں ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کا مسلسل جائزہ لینے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کے لیے ہنگامی انخلاء کا منصوبہ تیار کرنے ، تیزی سے بدلتے ہوئے سیکورٹی کے منظر نامے اور مختلف اختیارات کے متبادل کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے خطے کے پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ سوڈان میں شہریوں کی بڑی تعداد کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔
جمعرات کو لاطینی امریکہ کے سفر پر جاتے وقت وزیر خارجہ جے شنکر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس سے ملاقات کی اور سوڈان کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔