سرینگر//
سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں عید الفطر جمعہ کو منائی جائیگی ۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عیدالفطر جمعے کو ہوگی۔
سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں شوال کے چاند نظر آنے کی تصدیق کی اور اعلان کیا کہ عیدالفطر جمعہ ۲۱ اپریل سے شروع ہوگی۔
ادھر جموں کشمیر کے مفتی اعظم ‘ناصر اسلام نے جمعرات کی شام یہاں کہا کہ جموں و کشمیر میں شوال ۱۴۴۴ ہجری کا چاند کہیں نظر نہیں آیا۔
اسلام نے کہا کہ چاند نظر آنے کے حوالے سے کہیں سے کوئی گواہی نہیں ملی، جس کی وجہ سے اس دفتر نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ جموں کشمیر میں عیدالفطر ہفتہ کو منائی جائے گی۔
مفتی اعظم نے پوری امت کو اور خاص طور پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو پیشگی عید کی مبارکباد دی ہے۔ان کاکہنا تھا’’خدا کرے کہ یہ مبارک شام ہم سب کیلئے بہت سی خوشی، خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے‘‘۔
ملک کے باقی حصوں میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس جمعے کو ہوگا۔
دریں اثنادنیا کے بیشتر ممالک میں عیدالفطر ہفتے کے روز منائی جائے گی۔
ملائیشیا میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور ملائیشین حکومت کے مطابق ملائیشیا میں عیدالفطر۲۲؍اپریل بروز ہفتہ ہوگی۔
اس کے علاوہ سنگاپور میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مجلس علماء اسلام سنگاپور کے مطابق سنگاپور میں عید الفطر۲۲؍اپریل بروز ہفتہ ہوگی۔
ادھر آسٹریلیا میں بھی عیدالفطر۲۲؍اپریل بروز ہفتہ منائی جائے گی۔ برونائی، جاپان، فلپائن اور تھائی لینڈ میں بھی عیدالفطر ۲۲؍اپریل کو ہوگی۔
بنگلا دیش میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس جمعے کو ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مرکزی روپت ہلال کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد ہوا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق پاکستان بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے یکم شوال۲۲؍ اپریل کو ہوگا۔