نئی دہلی// دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ قومی دارالحکومت میں کورونا کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے لیکن فی الحال تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔
مسٹر سسودیا نے جمعرات کو یہاں کہا کہ کورونا کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے لیکن پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ لوگوں کو اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کہ یہ پرانا ویریئنٹ ہے یا نیا۔ یہ جینوم سیکوینسنگ سے پتہ چلےگا۔ اگر کسی اسکول میں ایک بھی کیس ہے تو ہم اس پر نظر رکھتے ہیں۔
نائب وزیراعلی نے کہا ’’ہم نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا ہے کہ وہ اسکول میں جہاں بھی معاملات سامنے آئیں ان پر نظر رکھیں اور چھٹیوں کے اگلے چار دنوں کے دوران اسکولوں کے لیے الگ سے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار ( ایس او پیز) تیار کریں۔ اگلے ایک دو روز میں اسکولوں کے لیے الگ الگ ایس او پیز اور گائیڈ لائنز جاری کریں گے۔ پچھلے چار پانچ دنوں میں اسکولوں سے ایسی خبریں آئی ہیں کہ کہیں ٹیچر میں، کہیں طلباء میں کووڈ کی علامات پائی گئی ہیں، لیکن ہم دیکھ رہے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر انہوں نے کہا کہ ہم نے دو سال سے اسکولوں کو فیسیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی۔ اسکولوں کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے بعد ہی فیس میں اضافے کی اجازت دی گئی، وہ بھی معمولی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیس میں صرف دو سے تین فیصد اضافے کی اجازت دی ہے۔ اگر کوئی اسکول من مانی کر رہا ہے اور والدین نے شکایت کی تو اسکول کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بدھ کو دہلی میں کووڈ کے 299 نئے معاملے درج ہوئے اور انفیکشن کی شرح 2.4 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔