کینٹکی//
امریکی ریاست کینٹکی کی پولیس نے بتایا ہے لوئی ول میں ایک بینک کی عمارت میں فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
پولیس نے امریکہ میں قتل عام کے تازہ ترین واقعے میں مسلح شخص کو کونر سٹرجن نامی سے شناخت کیا، جو سفید فام شہری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اولڈ نیشنل بینک میں ملازم تھے جو کینٹکی کے سب سے بڑے شہر کے مرکز میں واقع ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ دیگر 8 افراد کو اسپتال میں لایا گیا ہے۔
بینک کی عمارت سے باہر آنے والے عینی شاہدوں نے ایک ٹی وی چینل ڈبلیو ایچ اے ایس کو بتایا کہ انہوں نے عمارت کے اندر فائرنگ کی آواز سنی۔ٹیلی وژن فوٹیج میں پولیس کی متعدد گاڑیاں دیکھی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ اے ایس کے رپورٹرز نے بتایا کہ انہوں نے جائے وقوعہ سے لوگوں کو ایمبولینس میں لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ متاثرہ خاندانوں اور لوئس ول شہر کے لیے دعا کریں۔
زخمیوں میں دو پولیس افسر بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور بھی جو ایک سابق ملازم بتایا جاتا ہے، مارا گیا مگر اس کی موت کے اسباب فی الحال نہیں بتائے گئے۔
ایف بی آئی نے کہا کہ اس کے ایجنٹوں نے بھی فائرنگ کا جواب دیا۔