نئی دہلی// کانگریس کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرکے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران ریاستی حکومت پر ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی الزام لگاتے ہوئے کمیش سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے کمیشن سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں کہ کمیشن نے ہماری بات بہت غور سے سنی، مثبت جواب دیا جس سے ہمارا حوصلہ بہت بلند ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ کرناٹک میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے سے چند روز قبل کئی ٹینڈرز جاری کیے گئے تھے ۔ آخری وقت میں ایسی کوششوں سے انتخابات متاثر ہوتے ہیں۔ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن ہی سب کچھ ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں کو کمیشن کے نوٹس میں لانے کے مقصد سے کانگریس کے ایک وفد نے کمیشن سے ملاقات کی اور ان سے ان معاملات کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کمیشن نے ان کی بات غور سے سنی اور کہا کہ اگر ایسا کچھ سامنے آیا تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ان کی شکایات پر توجہ دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ٹینڈرز منسوخ بھی کئے جا سکتے ہیں۔
مسٹر خورشید نے کہا کہ انہوں نے کمیشن کو یہ بھی بتایا ہے کہ پارٹی میڈیا، پوسٹروں وغیرہ کے ذریعہ عوام تک اپنا پیغام پہنچانا چاہتی ہے لیکن انہیں اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ کانگریس لیڈر کے مطابق کمیشن نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کے خدشات پر غور کیا جائے گا اور کرناٹک حکام کے ذریعے مناسب حل نکالا جائے گا۔
انہوں نے کمیشن کو یہ بھی کہا کہ جب کوئی افسر طویل عرصے سے کسی علاقے میں تعینات ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق اس کا تبادلہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وفد نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے بھی رکھا ہے اور اس سلسلے میں انہیں کمیشن کی جانب سے مثبت کارروائی کی یقین دہانی بھی ملی ہے ۔