جموں//
بین الاقوامی سرحد کے قریب ہتھیاروں کے ذخیرے کی برآمدگی کے ایک دن بعد، ایک سینئر پولیس افسر نے منگل کو کہا کہ پاکستان ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کی بار بار کوششیں کر رہا ہے لیکن ان میں سے زیادہ تر کو سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
جموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس‘مکیش سنگھ نے کہا’’پاکستان ہتھیاروں، دیسی ساختہ بموں اور دستی بموں کی اسمگلنگ کی بار بار کوششیں کر رہا ہے (ماضی میں) لیکن ان میں سے زیادہ تر کوششیں ناکام بنا دی گئیں کیونکہ ہمارے پاس صورتحال (سرحدوں پر) کا مکمل کنٹرول ہے۔
پیر کے روز، سیکورٹی فورسز نے ایک پیکٹ سے تین پستول، چھ میگزین، چار دستی بم اور گولہ بارود کے۴۸ راؤنڈ برآمد کیے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب پاکستانی ڈرون نے گرایا تھا۔
سنگھ نے کہا’’میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ سرحد کے اس پار کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے اگر کوئی خامیاں ہیں تو ان کو دور کیا جائے گا‘‘۔
پاکستان سے اس طرف دہشت گردوں کے گھسنے کی کوشش کے امکان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں دراندازی کی کئی کوششیں ہوئی ہیں اور ایسی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ان کے منصوبوں (دہشت گردوں کو دھکیلنے کے) کو ناکام بنانا ہے اور ہم اپنا کام کر رہے ہیں۔
اے ڈی جی پی جموں عوام تک پہنچنے اور ان کے مسائل سننے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر پولیس،عوامی میٹنگ کی صدارت کرنے کیلئے سانبہ ضلع میں تھے۔
سنگھ نے کہا’’لوگوں نے (ملاقات کے دوران) منشیات کی اسمگلنگ، ہتھیاروں کی اسمگلنگ، غیر قانونی کان کنی اور گائے کی اسمگلنگ جیسے تشویش کے کئی مسائل اٹھائے۔ ہم آنے والے دنوں میں ایک اور میٹنگ کریں گے اور ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک مناسب ایکشن پلان تیار کریں گے۔‘‘
اے ڈی جی پی جموں نے کہا کہ لوگ سانبہ کو منشیات سے پاک ضلع بنانے کی پولیس مہم کو سراہ رہے ہیں۔سنگھ نے کہا کہ منشیات کے اسمگلر جو کریک ڈاؤن کے دوران دوسرے اضلاع میں فرار ہوگئے تھے ان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔