گنگٹوک// سکم میں منگل کے روز برفانی تودہ گرنے سے کم از کم۷؍افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 150 سے زیادہ دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ برفانی تودہ گرنے کا واقعہ سکم کے سرحدی علاقہ نتھولا میں پیش آیا ہے ۔
ابتدائی اندازے کے مطابق تقریباً 30 لوگوں کو بچا کر منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
رسکیو آپریشن جاری ہے ، ایس پی گنگٹوک، ٹینزنگ لوڈن لیپاچ موقع پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن، پولس اور فوج مقامی ٹیکسی ڈرائیوروں کے ساتھ مل کر دبے ہوئے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل مہیندر راوت نے کہا، ‘‘سڑک سے برف ہٹانے کے بعد پھنسے ہوئے تقریباً 350 دیگر کو بچا لیا گیا ہے ’’۔
یہ برفانی تودہ اس وقت گرا جب سیاح گنگٹوک کو سومگو جھیل اور نتھولا سرحد کے سیاحتی مقامات سے جوڑنے والے جواہر لعل نہرو مارگ کے برف سے ڈھکے پہاڑی کنارے پر موجود تھے ۔
یہ واقعہ جواہر لعل نہرو مارگ کے 15-17 میل کی مسافت پر گنگٹوک سے تقریباً 25 کلومیٹر دور دوپہر 12.15 بجے پیش آیا۔