نئی دہلی// لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں انڈیا ،میکسیکو پارلیمانی دوستی گروپ کے صدر ڈپٹی سلواڈور کیروکیبریرا کی قیادت میں میکسیکو کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسٹر برلا نے گزشتہ سال اپنے دورے کے دوران میکسیکو میں انڈیا ،میکسیکو فرینڈشپ گارڈن کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستان، میکسیکو پارلیمانی تعلقات کو مزید قریب کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی وابستگیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان اور میکسیکو جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں، جس سے ان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کہ دونوں ملکوں کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کی بہترین روایات اور تجربات کا تبادلہ کرتے رہنا چاہیے ۔ مسٹر برلا نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کے مذاکرات ہوتے رہیں گے ۔
ہندوستان اور میکسیکو کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے سلسلے میں مسٹر برلا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور میکسیکو کے صدر نے نئی اقتصادی اصلاحات کی ہیں، جس سے ہندوستان اور میکسیکو میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے ۔ دنیا کی 5ویں بڑی معیشت ہونے کے حوالے سے مسٹر برلا نے کہا کہ میکسیکو لاطینی امریکہ میں بھی ایک مضبوط، متحرک اور سرکردہ معیشت ہے ۔
G-20 کی ہندوستان کی صدارت کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اس سال G-20 کے سربراہی اجلاس کا موضوع وسودھیوا کٹمبکم (ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل ) ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ہندوستانی پارلیمنٹ P-20 کا بھی اہتمام کر رہی ہے جو کہ G-20 ممالک کی پارلیمانوں کے پریزائیڈنگ افسران کی کانفرنس ہے ۔ مسٹر برلا نے تمام اراکین کو آگاہ کیا کہ P-20 کا مقصد عالمی حکمرانی میں پارلیمانی پہلو کو شامل کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی 20 کا بنیادی ہدف بین الاقوامی عہد کے سلسلے میں بیداری پھیلانا ، سیاسی حمایت حاصل کرنا اور متعلقہ ملکوں کی طرف سے زمینی سطح پر ان معاہدوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے ۔
مسٹر برلا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ P-20 میں ہندوستان کو میکسیکو کی حمایت حاصل رہے گی اور دونوں ممالک مشترکہ چیلنجوں کا موثر حل تلاش کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے ۔ انہوں نے اس سال P20 کے سربراہی اجلاس میں چیمبر آف ڈیپوٹیز کے صدر، ہز ایکسیلینسی مسٹر سینٹیاگوکریل اور سینیٹ کے صدر مسٹر الیجینڈرو آرمینٹامیور کے درمیان ایک فعال شراکت کی امید کا اظہار کیا۔