نئی دہلی//دہلی پولس کی کرائم برانچ نے بہار کی ایک نکسلائیٹ تنظیم کے ایک سرکردہ کارکن کو فرید آباد سے گرفتار کیا ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے قتل کے معاملے میں 26 سال سے مفرور تھا، وہ اس کو قتل کرنے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ پٹنہ میں پولیس اہلکار اور اہل خانہ نے اسے ٹرین حادثے میں مردہ قرار دیا تھا۔
دہلی پولیس نے ہفتے کے روز کہا کہ آئی پی ایف مالے کے کمانڈر کشن پنڈت، جو مبینہ طور پر نمبر 2 تھا، کو 1997 میں مفرور مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اسے جمعہ کو فرید آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں وہ گمنامی کے ساتھ قیام پذیر تھا۔
دہلی پولیس کی ایک ریلیز کے مطابق، کشن پنڈت 1990 میں بہار میں نکسلی تنظیم آئی پی ایف ایم ایل میں سرگرم تھا اور اس نے 1996 میں پٹنہ میں ایک پولیس افسر کا قتل کیا تھا اور پولیس اہلکار کی رائفل اور 40 کارتوس لے کر فرار ہو گیا تھا۔
ریلیز کے مطابق دہلی پولیس کرائم برانچ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) پون کمار کو اطلاع ملی تھی کہ کشن پنڈت ہریانہ کے فرید آباد میں گمنامی میں رہ رہا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے اپنی ٹیم بہار بھیجی اور اس معاملے میں معلومات اکٹھی کیں اور پوری تیاری کے ساتھ فرید آباد سے اسے گرفتار کیا۔
کشن پنڈت 1990 کی دہائی میں بہار میں سرگرم تھا۔ اس کے خلاف کچھ اور جرائم بھی درج ہیں۔ بہار پولیس نے 1998 میں اس پر انعام کا اعلان کیا تھا۔ کشن پنڈت کے خاندان نے 2002 میں اعلان کیا تھا کہ ان کی موت ٹرین حادثے میں ہوگئی تھی۔ اس کے بعد پولس نے متعلقہ معاملے کی تفتیش بند کر دی تھی۔