نئی دہلی// ہندوستانی ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ نے چیتیشور پجارا کے 100 ویں ٹیسٹ سے قبل بدھ کو کہا کہ پجارا نے پچھلی دہائی میں کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں کئی اہم اننگز کھیلی ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔
سال 2010 میں ہندوستان میں ڈیبیو کرنے والے پجارا نے 99 ٹیسٹ میچوں میں 44.1 کی اوسط سے 7021 رنز بنائے ہیں۔ وہ جمعہ سے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے میچ میں اپنا 100 واں ٹیسٹ کھیلیں گے۔
یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈراوڑ نے کہاکہ’’یہ ایک کرکٹر کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس کے لیے آپ کو ٹیلنٹ کی ضرورت ہے، لیکن 100 ٹیسٹ میچ کھیلنا اس سے کہیں زیادہ ظاہر کرتا ہے۔ یہ آپ کی پختگی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ آپ کی فٹنس، آپ کی طاقت، آپ کے اتار چڑھاو کو برداشت کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ جب آپ 100 ٹیسٹ کھیلتے ہیں تو یہ ممکن نہیں کہ آپ نے اتار چڑھاؤ نہ دیکھا ہو۔ آپ کو جیت اور ہار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دیکھنے کے لیے بولنگ کی مختلف اقسام ہیں، میدان میں آپ سے بہت سارے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ پجارا نے پچھلے 13-14 سالوں میں جو کچھ کیا ہے وہ بڑی بات ہے۔ یہ (100 واں ٹیسٹ) ان کی مہارت کا انعام ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’وہ ٹیم کے بہت پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ اگر آپ پچھلے 10-15 سالوں میں دیکھیں تو پجارا نے ایسی کئی اہم اننگز کھیلی ہیں جنہوں نے ہندوستان کے میچ اور کئی سیریز جیتی ہیں۔ بلاشبہ وہ ہماری ٹیم کے بہت اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ ہم سب اس لمحے کو اس کے ساتھ بانٹنے کے قابل ہونے پر خوش ہیں۔”
ہندوستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 132 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دہلی کے بعد دونوں ٹیمیں اندور (1-5 مارچ) اور احمد آباد (9-13 مارچ) میں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون ناگپور ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی زبردست کارکردگی کے بعد نمبر ایک ٹیسٹ گیند باز بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق اشون 846 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ گیند بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اشون ٹاپ گیند باز پیٹ کمنز (867) سے صرف 21 پوائنٹس پیچھے ہیں اور 2017 کے بعد پہلی بار نمبر ایک تک پہنچنے کا ان کے پاس موقع ہے۔
واضح رہے کہ اشون نے ناگپور ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لے کر آسٹریلوی بلے بازی کی کمر توڑ دی، جس کی وجہ سے ہندوستان ایک اننگز اور 132 رنز سے بڑی فتح درج کر سکا۔ اشون کے جادو سے پہلے رویندر جڈیجہ نے پہلی اننگز میں اپنا ہاتھ کھولا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بلے سے 70 رنز کی اہم شراکت بھی کی۔
تقریباً چھ ماہ بعد کرکٹ پچ پر واپسی کرنے والے جڈیجہ نے اپنی مضبوط کارکردگی کی مدد سے گیند بازوں کی درجہ بندی میں 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ وہ آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی سرفہرست ہیں۔
دریں اثنا، ہندوستانی کپتان روہت شرما ناگپور ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد بلے بازوں کی رینکنگ میں 10ویں سے 8ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اکشر پٹیل نے 84 رنز کی اننگز کی بدولت آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔