لاہور//
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے اپنے سابق ساتھی کھلاڑی محمد عامر سے اپنی دشمنی کی خبریں مسترد کردیں ۔ بابر کی زیر قیادت زلمی ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کا اپنا پہلا میچ منگل کو کنگز کے خلاف نیشنل بینک کرکٹ ایرینا، کراچی میں کھیلے گی۔ مذکورہ میچ میں عامر کا سامنا کرنے کے حوالے سے ایک سوال پر بابر نے کہا کہ وہ اپنی بنیادی باتوں پر قائم رہیں گے، جیسا کہ وہ کسی دوسرے باؤلر کے خلاف کرتے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ’لیگ کے لیے مقابلہ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ صرف کراچی ہی نہیں ہر ٹیم میں اچھے معیار کے مقامی بولرز موجود ہیں۔ اسی لیے تمام غیر ملکی اس لیگ کو کھیلتے ہیں کیونکہ یہ ایک معیاری لیگ ہے، جب میں کسی بھی معیاری بولر کے خلاف کھیلتا ہوں تو میں اپنی بنیادی باتوں پر قائم رہتا ہوں۔
” بابر نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی سابق پی ایس ایل ٹیم کے خلاف کھیلنے کے حوالے سے کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہے۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ” کراچی کنگز کیخلاف میچ میں مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، میں چیزوں کو سادہ رکھنا پسند کرتا ہوں اور اپوزیشن کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا ہوں‘‘۔