پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔
شاہین شاہ آفریدی کا نکاح لیجنڈ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی بیٹی انشا کے ساتھ مقامی مسجد میں ہوا۔
شاہد آفریدی کی صاحبزادی اور شاہین آفریدی کا نکاح ذکریا مسجد میں مولانا عبدالستار نے پڑھایا۔
شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کے نکاح کے بعد مقامی کلب میں ریسپشن کا آغاز کیا گیا۔
دلہا اپنے سسر کے ساتھ پنڈال پہنچے، تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان بھی شریک تھے۔
تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق کپتان سرفراز احمد، نسیم شاہ اور حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والے شاداب خان بھی موجود ہیں۔
سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ اور آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان بھی تقریب میں پہنچے۔
تقریب میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور سی او او ثمین رانا بھی پہنچے ہیں۔
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید اور جارح مزاج بیٹر فخر زمان بھی شاہین شاہ آفریدی کے نکاح کے استقبالیے میں موجود ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کا آج نکاح ہوگا جس کی تقریب کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نکاح کی مناسبت سے وینیو کو سفید اور گلابی رنگ کے امتزاج سے سجایا گیا ہے۔
شاہین آفریدی نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ چکے ہیں۔
شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کے نکاح کی تقریب میں قریبی رشتہ دار اور دوست احباب سمیت نامور کرکٹرز بھی شرکت کریں گے۔
شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کا نکاح آج جبکہ رخصتی انشا کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حارث روف، شان مسعود اور شاداب خان بھی حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔