جموں///
گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے شعبہ آرتھو پیڈکس کے سربراہ اور ایسو سی ایٹ پروفیسر‘ ڈاکٹر شیلندر شرما کی بدھ کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر شیلندر شرما کو اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں بدھ کی علی الصبح علاج و معالجے کیلئے جی ایم سی راجوری پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی انتہائی کاوشوں کے باوصف وہ جانبر نہ ہوسکے ۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر آر آر بھٹناگر نے ڈاکٹر شرما کے انتقال کو میڈیکل برادری کے لئے ایک بہٹ بڑا نقصان قرار دیا ہے ۔
بھٹناگر نے کہا کہ ڈاکٹر شیلندر ایک فرض شناس ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے ۔
دریں اثناحکام نے یہاں بتایا کہ پاور ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ(پی ڈی ڈی) کے ایک اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کا بدھ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔
ایک اہلکار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اننت ناگ کے بون دیالگام علاقے کے اے ای ای محمد ایوب کی اس وقت موت ہو گئی جب وہ یاری پورہ میں اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے جا رہے تھے۔
اہلکار نے کہا کہ ایوب کولگام ضلع کے سب ڈویڑن یاری پورہ میں اے ای ای کے طور پر تعینات تھے۔انہوں نے کہا ’’اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔‘‘