کراچی//
پی سی بی عبوری کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہےکہ ہمارا اصل مقصد 2014 کا آئین بحال کرنا ہے،فوقیت اپنے اہداف پانا ہے،بھارت سے کھیلنا چاہتے ہیں، حتمی فیصلہ حکومت کا ہوگا۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کی ٹیموں کے بجائے ان کی جانب سے اسپانسر کرنے کی حوصلہ افزائی کریںگے، پرانے منصوبوں کا جائزہ لیں گے، جونیئر لیگ پر نظرثانی ہوگی، ویمن کرکٹ کو دوام بخشیں گے، سندھ حکومت کے تحفظات دور کیے جائیں گے، قومی کپتان کے حوالے سے فیصلہ کمیٹی کرے گی ، کسی کو فارغ نہیں کریں گے، کوئٹہ میں پی ایس ایل کے مقابلے کرانا چاہتے ہیں، حتمی فیصلہ مقامی انتظامیہ کا ہوگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ماضی میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی میرا پی سی بی چھوڑنے کا فیصلہ درست تھا، نئی حکومت آئی تو مستعفی ہوگیا،مجھے مقتدر طاقتوں نے برقرار رکھنے کا یقین بھی دلایا، بعدازاں مجھ پر الزامات عائد کیے گئے، دکھ ہوا، اچھے ساتھیوں کو فارغ کیا تو تکلیف ہوئی،میرے حوالے سے ویب سائیٹ پر غلط اعدادو شمار لگائے گئے،کسی کے کہنے پر چار سال تک ویب پر لگائے رکھا،میں نے پی سی بی کو قانونی نوٹس دیا، اب میں ٹوئٹ لگاؤں گا۔