سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ہوئے سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار کی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اونتی پورہ کے سمبورہ علاقے میں سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر ایک آلٹو گاڑی ڈیوائڈر سے ٹکرا کر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال پامپور پہنچایا گیا جہاں ان کو مردہ قرار دیا گیا۔
متوفی کی شناخت بشیر احمد کچھے ولد غلام محی الدین کچھے ساکن نیگو بیروہ بڈگام کے بطور ہوئی ہے جو جموں وکشمیر پولیس میں کانسٹیبل کی حیثیت سے تعینات تھا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
ادھرجموںکے ضلع ڈوڈہ میں منگل کے روز سڑک کے ایک حادثے میں میاں بیوی لقمہ اجل بن گئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں جاٹھی کے مقام پر ایک آلٹو کار کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پا س موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا ۔
شوہر کی شناخت سابق ٹی ایس او منگت رام کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اس دوران جموں وکشمیر کے ضلع اکھنور کے گروٹا علاقے میں اُس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب سکول بس نے کمسن طالب علم کو ٹکر ماری جس وجہ سے اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز اکھنور کے گروٹا علاقے میں اسکول بس نے راہ چلتے ایک طالب علم کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
ذرائع نے کہاکہ آس پاس موجود لوگوں نے کمسن طالب علم کو ہسپتال پہنچایا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔